نئی دہلی، 25مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے اتوار کو گجرات کے گاندھی نگر میں مجوزہ ریلی کو منسوخ کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق اب اس جلسے کو ایک کارکنان کانفرنس میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔پنجاب اور گوا کی شکست کے بعد پریشان آپ نے دہلی میں میونسپل انتخابات کے پیش نظر کجریوال کے مشن گجرات کو فی الحال ٹال دیا ہے۔دراصل پنجاب کے انتخابات سے پہلے کی منصوبہ بندی کے مطابق کجریوال گاندھی نگر میں 26مارچ کو بڑا عوامی جلسہ کرکے گجرات میں اسی سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کا بگل پھونکنے والے تھے لیکن دونوں ریاستوں کے نتائج اور کارپوریشن انتخابات میں بی جے پی سے مل رہی سیدھی ٹکر نے کجریوال کے تمام ارمانوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ایم سی ڈی میں 10سال سے حکومت کر رہی بی جے پی بدعنوانی اور تمام الزامات کے سبب زبردست عوامی مخالفت کا سامنا کر رہی تھی لیکن پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں زبردستی فتح کے بعد حوصلہ افزاء بی جے پی کے موجودہ کونسلر کے ٹکٹ نہ دینے کے اعلان کے بعد آپ بدعنوانی مخالف کارڈ ناکام ہوتا نظر آرہاہے۔